صبح آتا ہوں یہاں اور شام ہو جانے کے بعد

By jamal-ehsaniFebruary 26, 2024
صبح آتا ہوں یہاں اور شام ہو جانے کے بعد
لوٹ جاتا ہوں میں گھر ناکام ہو جانے کے بعد
ڈھانپ دیتے ہیں ہوس کو عشق کی پوشاک میں
لوگ سارے شہر میں بدنام ہو جانے کے بعد


اک ہجوم یاد ہو گا ان گلی کوچوں کے بیچ
دیکھو شہر دل کی رونق شام ہو جانے کے بعد
یاد کرنے کے سوا اب کر بھی کیا سکتے ہیں ہم
بھول جانے میں تجھے ناکام ہو جانے کے بعد


خود جسے محنت مشقت سے بناتا ہوں جمالؔ
چھوڑ دیتا ہوں وہ رستہ عام ہو جانے کے بعد
21567 viewsghazalUrdu