بعد تیرے کیا بتائیں اور کیا چلتا رہا

By anaam-damohiFebruary 5, 2024
بعد تیرے کیا بتائیں اور کیا چلتا رہا
زندگی بھر زندگی کا مسئلہ چلتا رہا
رات بھر بیٹھا رہا میں رو بہ روئے ماہتاب
اور اس سے تذکرہ بس آپ کا چلتا رہا


خواب میں آتی نہ تھیں شہزادیاں ان کے کبھی
مفلسوں کے خواب میں بھی فاصلہ چلتا رہا
مارتے ہیں بستیوں کے لوگ پتھر قیس کو
یعنی صحرا کا سفر اچھا بھلا چلتا رہا


لمس کو تیرے کبھی میں بھول ہی پایا نہیں
ساتھ میرے عمر بھر اک حادثہ چلتا رہا
شاخ دل سے جھڑ چکی تھی عشق کی ہر اک کلی
رشتہ اپنے درمیاں بس نام کا چلتا رہا


میں تو بس تکتا رہا ان کے لب و رخسار کو
ان کے دل میں اب خدا جانے کہ کیا چلتا رہا
عمر بھر پنہاں رہا قلب و جگر میں تیرا غم
عمر بھر خوشیوں سے میرا فاصلہ چلتا رہا


اس لیے انعامؔ منزل تک نہ جا پائے قدم
ایک سایہ ساتھ میرے خوف کا چلتا رہا
33176 viewsghazalUrdu