ترے در کی حمایت مل گئی ہے

By fahmi-badayuniFebruary 5, 2024
ترے در کی حمایت مل گئی ہے
مجھے میری ضرورت مل گئی ہے
کہاں پہنچائے گی دنیا کو جانے
ذہانت میں جو وحشت مل گئی ہے


بچھا جاتا ہے بیمار محبت
تڑپنے کی اجازت مل گئی ہے
کھنکتی چوڑیاں دیکھی ہیں جب سے
سماعت میں بصیرت مل گئی ہے


میں بازی ہارنے والا ہوں شاید
حمایت میں حقارت مل گئی ہے
جسے چھو بھی نہیں سکتا ہے کوئی
ہمیں اس کی حفاظت مل گئی ہے


زمانہ اب الگ کر کے دکھائے
محبت میں محبت مل گئی ہے
84752 viewsghazalUrdu