ترے کوچے میں پہرہ بڑھ گیا ہے

By fahmi-badayuniFebruary 5, 2024
ترے کوچے میں پہرہ بڑھ گیا ہے
مرے لٹنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے
نقاب رخ ابھی کچھ اور اٹھاؤ
مری آنکھوں کا خرچہ بڑھ گیا ہے


کسی دن آ کے سمجھوتہ کرا دو
ہمارا ہم سے جھگڑا بڑھ گیا ہے
تمہاری سودے بازی کی بدولت
ہمارا بھاؤ کتنا بڑھ گیا ہے


ہماری چھوٹی چھوٹی کیاریوں میں
زمیں داروں کا حصہ بڑھ گیا ہے
قصیدے مرثیوں میں دب گئے ہیں
چلے آؤ کہ قصہ بڑھ گیا ہے


سبھی دیواریں اونچی ہو گئی ہیں
اب اس کے گھر کا سایہ بڑھ گیا ہے
مجھے لگتا نہیں یہ ختم ہو گا
ترے سننے سے قصہ بڑھ گیا ہے


14716 viewsghazalUrdu