تری آمد کی لاگت بڑھ رہی ہے

By fahmi-badayuniFebruary 5, 2024
تری آمد کی لاگت بڑھ رہی ہے
ہمارے گھر کی قیمت بڑھ رہی ہے
بنا کوشش کے وسعت بڑھ رہی ہے
مرے شعروں میں حیرت بڑھ رہی ہے


وہ جاتے وقت مڑ کر دیکھتا ہے
مری جانب محبت بڑھ رہی ہے
پرانے درد گھٹتے جا رہے ہیں
دواؤں کی ضرورت بڑھ رہی ہے


اپاہج بچے پیدا ہو رہے ہیں
میاں خوش ہیں کہ امت بڑھ رہی ہے
مری آنکھوں میں کچھ ہونے لگا کیا
تری آنکھوں میں حیرت بڑھ رہی ہے


کسی کا آنا جانا گھٹ رہا ہے
امانت میں خیانت بڑھ رہی ہے
88637 viewsghazalUrdu