تجھے بھلانے کی اب جستجو نہیں کرتے

By sabeensaifFebruary 28, 2024
تجھے بھلانے کی اب جستجو نہیں کرتے
کہ اب کسی سے تری گفتگو نہیں کرتے
وجود کو مرے موجودگی سمجھتے ہیں
وہ نا سمجھ جو مری آرزو نہیں کرتے


ہیں مہربان شجر کس قدر کہ ہو کے خفا
کبھی وہ پھولوں کو بے رنگ و بو نہیں کرتے
جو اپنے عشق کو خود میں سمائے پھرتے ہیں
تلاش پھر وہ اسے کو بہ کو نہیں کرتے


وہ جن کو پاس ہو اپنے گھروں کی حرمت کا
کسی کو وہ کبھی بے آبرو نہیں کرتے
رموز عشق جو اک بار جان لیتے ہیں
کسی کے دل کو کبھی وہ لہو نہیں کرتے


نماز غزلوں کی میری ادا نہیں ہوتی
جو حرف نام سے تیرے وضو نہیں کرتے
14423 viewsghazalUrdu