تجھ سے وابستہ شاعری کے بغیر

By shariq-kaifiFebruary 29, 2024
تجھ سے وابستہ شاعری کے بغیر
کچھ نہیں میں تری کمی کے بغیر
ہے بڑا کام با وفا رہنا
بے وفائی کی تازگی کے بغیر


تم تو پہچاننا ہی بھول گئے
لمس کو میرے روشنی کے بغیر
شکریہ آپ کی محبت کا
میں بہت خوش ہوں اس خوشی کے بغیر


کیا بتاؤں مجھے وہ کیسا لگا
جانی پہچانی بے رخی کے بغیر
ویسے مشکل تو میری عام سی ہے
حل نہیں ہوگی خود کشی کے بغیر


میں تجھے کیسے جان سکتا تھا
تیرے دشمن سے دوستی کے بغیر
88456 viewsghazalUrdu