وفور رحمت پروردگار ہوتا تھا

By hina-ambareenFebruary 6, 2024
وفور رحمت پروردگار ہوتا تھا
کہ سب کا پہلا عقیدہ ہی پیار ہوتا تھا
درخت جھومتے رہتے دعا کے دھاگوں سے
گلی گلی کوئی منت گزار ہوتا تھا


مطب حکیم دوائی نہ کارگر ہوتی
کسی کی یاد میں ایسا بخار ہوتا تھا
بس ایک وعدے پہ عمریں گزار دی جاتیں
بچھڑنے والوں پہ یوں اعتبار ہوتا تھا


نہ جھوٹے خواب دکھاتے تھے ایک دوجے کو
نہ ہاتھ چھوڑ کے کوئی فرار ہوتا تھا
جو ماں ہے پہلے سہیلی تھی اپنی بیٹی کی
تو باپ بیٹے کا تب پہرے دار ہوتا تھا


76043 viewsghazalUrdu