یہاں اک معجزہ ہو جائے گا کیا

By abid-razaFebruary 17, 2025
یہاں اک معجزہ ہو جائے گا کیا
یہ جنگل پھر ہرا ہو جائے گا کیا
اگر میں آپ کی عینک لگا لوں
تو یہ منظر نیا ہو جائے گا کیا


گھڑی بھر میں نئی دنیا بسا دوں
یہ سب بے ساختہ ہو جائے گا کیا
دہکتا ہے یہ سورج کب سے آخر
بجھے گا تو سیہ ہو جائے گا کیا


اگر ہم سانس لینا بند کر دیں
تو اوروں کا بھلا ہو جائے گا کیا
اکھڑتی ہوں جہاں یادوں کی سانسیں
اب اتنا فاصلہ ہو جائے گا کیا


انا الحق کی صدائیں پوچھتی ہیں
یہ سر تن سے جدا ہو جائے گا کیا
ستارے راستہ روکے کھڑے ہیں
کوئی دم حادثہ ہو جائے گا کیا


یہ قضیہ لے تو جائیں آسماں پر
وہاں کچھ فیصلہ ہو جائے گا کیا
جنوں میں کہہ گئے ہم آج کیا کچھ
مگر جو کہہ دیا ہو جائے گا کیا


11556 viewsghazalUrdu