زرد ہونے سے ہرا ہونے سے کیا ہونا ہے

By sajid-raheemFebruary 28, 2024
زرد ہونے سے ہرا ہونے سے کیا ہونا ہے
کوئی سمجھائے کہ کیا ہونے سے کیا ہونا ہے
تو نے رہنا تو یہیں ہے مرے دل کے اندر
میرا مطلب ہے جدا ہونے سے کیا ہونا ہے


اچھے لوگوں کو ہی رہتا ہے مکافات کا خوف
وہ برا ہے تو برا ہونے سے کیا ہونا ہے
یار آواز تو دے کوئی اشارا تو کرے
صرف کھڑکی میں کھڑا ہونے سے کیا ہونا ہے


اپنا ہونے نہیں دیتا مجھے ہونے کا دکھ
ایسے عالم میں ترا ہونے سے کیا ہونا ہے
بات تب ہو کہ کوئی آنکھ بھی رستہ دیکھے
صرف دروازہ کھلا ہونے سے کیا ہونا ہے


بس یہی ہوگا کہ مل جائیں گے کچھ درد نئے
اور تو شہر نیا ہونے سے کیا ہونا ہے
فیصلہ وہ جسے حاصل ہو سند لوگوں کی
صرف کاغذ پہ لکھا ہونے سے کیا ہونا ہے


جب کہ اس شہر کے سب لوگ ہیں اندھے بہرے
حرف ہونے سے صدا ہونے سے کیا ہونا ہے
60780 viewsghazalUrdu