زندگی میں رنگ بھر کے مر گئے

By irfan-aazmiFebruary 6, 2024
زندگی میں رنگ بھر کے مر گئے
جن کو جینا تھا وہ پہلے مر گئے
مرنے والا ہنستے ہنستے مر گیا
جینے والے روتے روتے مر گئے


آسماں سے گر کے پائی زندگی
آپ کی نظروں سے گر کے مر گئے
سب کو مرنا ہے بہر صورت مگر
پوچھتے ہیں لوگ کیسے مر گئے


زندگی سب سے بڑا انعام ہے
کہنے والے زہر کھا کے مر گئے
مر گئے بستر پہ جو زندہ رہے
جی گئے جو چلتے پھرتے مر گئے


اتنے بزدل ہو گئے سب میرے بعد
صور کی آواز سن کے مر گئے
کیا کروں اب ایک حصے پر غرور
زندگی کے تین حصے مر گئے


موت نے عرفاںؔ ہمیں مارا نہیں
زندگی سے لڑتے لڑتے مر گئے
51794 viewsghazalUrdu