زیست میں کامیاب تھے کچھ لوگ

By farooq-noorFebruary 6, 2024
زیست میں کامیاب تھے کچھ لوگ
آپ اپنا جواب تھے کچھ لوگ
زندگی اپنی تیرگی میں کٹی
ساتھ میں آفتاب تھے کچھ لوگ


دیکھ سیراب کر گئے دنیا
جو بظاہر سراب تھے کچھ لوگ
میرے عیبوں کو ڈھانکتے تھے سدا
یعنی میرا نقاب تھے کچھ لوگ


جن کے آگے نظر نہ اٹھتی تھی
یوں بھی عزت مآب تھے کچھ لوگ
جو فراموش ہو نہیں پائے
ہم سے خانہ خراب تھے کچھ لوگ


اب بھی آنکھیں گواہی دیتی ہیں
خواب تھے صرف خواب تھے کچھ لوگ
ہم جنہیں نورؔ پیچھے چھوڑ آئے
نادر و لا جواب تھے کچھ لوگ


11650 viewsghazalUrdu