بائیپولر

By abid-razaJanuary 14, 2025
1
شہر جاں
آج ویران ہے
جیسے گہری سیہ رات ہو


درد کی تیز آندھی میں سارے دیے بجھ گئے
ہر طرف تیرگی
ایک جگنو بھی باقی نہیں
بس اندھیروں کی دیوار ہے


یاس کے دشت میں
نارسائی کی یلغار ہے
حسرت و غم کی زنجیر ہلتی ہے جھنکار ہے
کوئی مونس نہیں


زندگی بار ہے
2
صبح دم
یک بہ یک


جیسے جادو نگر
سارا منظر بدلنے لگا
ایک شیشے کا پنجرہ کہ میری انا گیر نظروں کے منتر کی حدت سے
جیسے پگھلنے لگا


پھر چھناکے سے ٹوٹا مرے سامنے
اب تو احساس کی سب فصیلوں سے باہر
مرا اسپ تازی وفادار ہے
اور مرادوں کا اک دل ربا قرطبہ سامنے میرے تیار ہے


آج میں ہی سکندر ہوں اور
آج میرے ہی دست جنوں میں چمکتی ہوئی ایک تلوار ہے
23243 viewsnazmUrdu