دروازہ

By ananth-faaniFebruary 25, 2024
دیکھو تو رشتہ بن جاتا ہے
کمرے سے
دیواروں سے
چھت سے


کھڑکیوں سے
میرا بھی تھا ان سب سے ہی
لیکن
جانے کیوں آج مجھے اس دروازے کی یاد میں بے چینی سی ہوتی ہے


جس نے جاتے ہوئے سب سے آخر میں
اور آتے ہوئے سب سے پہلے
میرے قدموں کو سنا ہے
جس سے میرا اندر باہر ہوتا رہنا چلتا رہتا تھا


اس دن تک
جس دن تک
وہ گھر گھر تھا
اس دروازے نے میرے بچپن کو جاتے ہوئے


اور جوانی کو آتے ہوئے دیکھا ہے
اس شہر سے تو ناطے کے لگ بھگ سارے ڈور ہی ٹوٹ چکے ہیں
آج وہ گھر بھی بک گیا ہے
78117 viewsnazmUrdu