گڑبڑ جھالا

By mehdi-pratapgarhiFebruary 27, 2024
آلا بالا مکڑی کا جالا
مکڑی بھوری مکڑا کالا
گھات لگائے دونوں بیٹھے
خاموشی سے جپتے مالا


لو جالے میں پھنس گئی مکھی
دوڑ کے فوراً پہنچی مکڑی
اس کو مضبوطی سے جکڑا
خوب اسے جالے میں لپٹا


ہاتھ پاؤں مکھی نے چلائے
لیکن اس کے کام نہ آئے
جاں ہاری بیچاری مکھی
کھا گئے اس کو مکڑا مکڑی


دیکھ کے سارا گڑبڑ جھالا
ہوئی اداس معصوم غزالہ
کہنے لگی وہ آلا بالا
ہائے رے وہ مکڑی کا جالا


جس میں پھنس گئی مکھی بالا
آلا بالا مکڑی کا جالا
شیروں کو جنگل میں دیکھو
ہرن بنے ہے ان کا نوالہ


اسی طرح چلتی ہے دنیا
حیراں کیوں ہوتی ہے غزالہ
تم ہر جان دار کو دیکھو
اک دوسرے کا ہے وہ نوالہ


47196 viewsnazmUrdu