کوفہ مزاج

By noman-badrFebruary 28, 2024
رکو محبت کے خانوادے کے شاہزادے
رکو کہاں عجلتوں میں جانیں لٹا رہے ہو
کہاں لہو سے چراغ روشن کیے کھڑے ہو
یہ کیسے لوگوں سے عہد الفت نبھا رہے ہو


یہ لوگ وہ ہیں جو تیرے زخموں کو گھاؤ کر کے
ہوائیں دیں گے شرر کو خود ہی الاؤ کر کے
تری وفا کا جنوں سلامت ہو تا قیامت
یہ لوگ لیکن وفائیں بیچیں گے بھاؤ کر کے


سنو محبت کے خانوادے کے شاہزادے
یہ دھیان رکھنا کہ تم سے پہلے ہمیں جنوں تھا
ہمیں جنوں تھا کہ اس قبیلے میں جاں لٹائیں
ہمیں جنوں تھا کہ وحشتوں سے سکوں بنائیں


وہ ہم تھے صحرا کو جو سمندر بنا رہے تھے
وہ ہم تھے جو پتھروں کو دھڑکن سکھا رہے تھے
مگر یہ کوفہ مزاج لوگوں کی عادتیں ہیں
امام ان کی وفا کی خاطر علم اٹھائے


امام اپنے لہو سے صحرا میں رنگ لائے
تو یہ قبیلہ یزید کی صف میں جا رکے گا
تمہی غلط تھے تمہی غلط ہو تمہیں کہے گا
سنو محبت کے خانوادے کے شاہزادے


یہ بے وفائی کا سلسلہ ہے نہیں رکے گا
22005 viewsnazmUrdu