موت کی امداد

By shariq-kaifiFebruary 29, 2024
کتنے اچھے ہیں میرے کالونی والے
گھر میں میرے موت نہ ہوتی تو میں تو انجان ہی رہتا
ان چہروں سے
ان لوگوں سے


فجر تلک جو ساتھ رہے میرے اس شب میں
دفنانے کے بعد کے اس پہلے لقمے تک
کتنے گھروں کے چائے کے برتن
پڑے رہے تیجے کے دن تک میرے گھر میں


مجھے نہیں معلوم کفن کس کے ذمے تھا
کون سا بچہ بیری کی ٹہنی لایا تھا
سب اپنے تھے
سب میرے تھے


سب اچھے تھے
اندھا تھا میں آج تلک پہچان نہ پایا
ان اپنوں کو
94758 viewsnazmUrdu