رد تشکیل

By abid-razaJanuary 14, 2025
ایک دن اچانک
کئی لفظ
منکر نکیر کی طرح
جھپاک سے میری قبر میں گھس آئے


اکثر کی پیشانی پر سوالات کے اچنبھے تھے
پریشانی کی بات تو تھی ہی
میں نے فوراً گوگل اور وکیپیڈیا کے واسطے دینے شروع کئے
بس پھر کیا تھا


سارے لفظ
میرے سامنے رقص کرتے ہوئے
جھٹ پٹ رنگ برنگی آوازیں پہن کر
ایک دوسرے سے لپٹ گئے


ذرا سی دیر میں
سارے رنگ آپس میں الجھ گئے
اور ایک بڈھا الو
یہ آہنی تختی میرے گلے میں ڈال گیا


جس پر بے رنگ خط میں کندہ ہے
آج سے یہ بد بخت دریدہ دماغ
لفظوں پر چڑھے رنگ کھرچا کرے گا
کہ یہی اس کی سزا ہے


تب سے میں اسی مشقت میں لگا ہوں
اور منتظر ہوں کہ گلے میں پڑی ہوئی تختی پر لگا زنگ مجھے کب نظر آئے گا
41248 viewsnazmUrdu