کانس کی جھاڑیوں کے درمیان کچے دگڑے پر یکے نے موڑ کاٹا، کالی ندی کے پل کو پارکیا اور پھر چار کوس کا راستہ اتنی تیزی سے پورا کیا کہ یکے میں بیٹھی اکلوتی سواری۔۔۔ بوڑھے سادھو جیسے آدمی کے ماتھے پر درد کی لکیریں اور گہری پڑگئیں۔ اب سامنے میدان کی سب سے بڑی ندی تھی۔ یہاں سے وہاں تک پھیلی ہوئی۔ سورج جھک آیا تھا اور پرچھائیاں لمبی ہوگئی تھیں۔ اس گھڑی ندی بہت ڈراؤنی لگ رہی تھی۔ یکے سے اترکربوڑھے نے ایک جھرجھری سی لی۔ بدن کوچادر سے اچھی طرح لپیٹا اور گھاٹ پر بنے مندروں کے درمیان تنگ راستے پر تیز تیز چلتا ہوا اتنی دور نکل آیا کہ مندروں کی شام کی گھنٹیاں کانوں میں دھوکا بن گئیں۔ ٹخنوں تک اونچے گیہوں کے کھیتوں کو پار کرکے وہ ایک چھوٹے سے ٹیلے کے پاس آکر رک گیا۔ بستی بہت پیچھے رہ گئی تھی۔ ڈوبتے سورج کی روشنی میں اس چھوٹی سی کٹیا پر کھلے گڑہل کے پھول رنگ بدل کر نارنجی ہوگیے تھے۔ کٹیاکے چھوٹے سے دروازے کے پاس جاکر بوڑھے نے بغل میں دبی پرانی پوتھی کو اچھی طرح سنبھالا اور انگوچھے سے پاؤں کی دھول کوصاف کرنے کی کوشش کی جو اوس میں مل کرگاڑھی ہوگئی تھی۔
[...]